سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ نیشنل کانفرنس (این سی) کی زیرقیادت حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے ۔
میڈیا سورسز کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ کی زیرقیادت موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایااور کہاکہ وزیر اعلیٰ نے ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت تک نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے ایران پر حملے کی مذمت کی قرارداد منظور کی، لیکن ہماری اسمبلی نہیں کر سکی۔ محبوبہ مفتی نے ایک اسکول لڑکی کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرنے پر سوپور میں چھ نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت گرفتارکرنے کی مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ مقدمے کے اندراج کا مطلب ہے کہ انہیں نوکریوں اور پاسپورٹ کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے دور میں تقریباً 12ہزار نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آرز منسوخ کی تھیں اور پی ایس اے کا کم سے کم استعمال کیاتھا۔
دریں اثناءپی ڈی پی لیڈر التجا مفتی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی کی زیرقیادت حکومت نے ریزرویشن کو معقول بنانے کے لیے اقدامات نہیں کئے لیکن محکمہ مال کے ریکارڈ سے اردوزبان کا استعمال ختم کردیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نوکریاں فراہم کرنے یا یومیہ اجرت پر کام کرنے والوںکو مستقل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔
