سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی اظہار پر عائد قدغن کے دوران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی کا سوشل میڈیا ایکس اکائونٹ بھارت میں بلاک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
میڈیا سورسز کے مطابق سوشل میڈیا ایکس نے یہ کارروائی بھارتی حکام کی قانونی درخواست کے بعد کی۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب بھارتی سائبر پولیس نے ایک وائرل ویڈیو کلپ جس میں بزرگ کشمیری رہنما سیدعلی گیلانی کو دکھایاگیاہے کے معاملے پر التجا مفتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔بھارت میں اکائونٹ تک رسائی کی کوشش کرنے والے صارفین کو اب ایک نوٹس دکھائی دیتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اکائونٹ تک رسائی قانونی تقاضوں کی تعمیل کی وجہ سے محدود کردی گئی ہے۔التجا مفتی، جومحبوبہ مفتی کی بیٹی اورپی ڈی پی کی سرگرم رہنما ہیں، گزشتہ چند برسوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال، انسانی حقوق اور انٹرنیٹ پابندیوں پر کھل کر اظہار کرتی رہی ہیں۔پی ڈی پی رہنمائوں نے مودی حکومت کے اس اقدام کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے سوشل میڈیاپر بے جا پابندیاں عائد کی جارہی ہیں ۔ پارٹی ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا اکائونٹس بند کرنے سے حقائق اور آوازوں کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں،انسانی حقو ق کے کارکنوں اور سیاسی شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پرنگرانی، انٹرنیٹ پابندیوں اور قانونی کارروائیوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
