سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں بڑی وکٹ اڑا دی ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی رکن قانون ساز اسمبلی بیگم امتیاز نسیم پارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اور رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بیگم امتیاز نسیم نے تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے، شمولیتی پروگرام میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر مشتاق منہاس، راجا مجاہد اور راجا ریاست نے شرکت کی، وفاقی وزیر امیر مقام نے بیگم امتیاز نسیم اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ امیر مقام نے کہا کہ مشتاق منہاس نے 2002ء سے میری استاد کی طرح رہنمائی کی، بیگم امتیاز نسیم کی خدمات صرف باغ یا آزاد کشمیر نہیں، پورا پاکستان حاصل کرے گا، بیگم امتیاز نسیم اور ان کے ساتھی ہمارے قافلے میں شامل ہوئے، انہیں عزت اور احترام دیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) میں نئے شامل ہونے والوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست عزت، احترام اور عوامی خدمت کا نام ہے، بیگم امتیاز نسیم کا مسلم لیگ (ن) سے محبت اور وابستگی کا رشتہ ہمیشہ قائم رہا، پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مکمل عزت اور نمائندگی دی جائے گی اور بیگم امتیاز نسیم کی شمولیت سے مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہو گی۔
اس موقع پر بیگم امتیاز نسیم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر کہا کہ میں اپنے گھر واپس آئی ہوں، میرے مرحوم شوہر کرنل (ر) نسیم مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنماؤں میں شامل تھے، مشتاق منہاس کے پاس موجود مینڈیٹ ہمارے خاندان کا مینڈیٹ ہے، اپنے حلقے اور عوام کے وسیع تر مفاد میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیے اسی جذبے سے کام کروں گی جیسے خود الیکشن لڑ رہی ہوں، کرنل (ر) نسیم کے دور میں وسطی باغ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، وسطی باغ میں ترقی کا عمل رک گیا لیکن مسلم لیگ (ن) دوبارہ اسے بحال کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشتاق منہاس سمیت مسلم لیگ (ن) کے تمام امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور مہم چلائیں گے۔ بیگم امتیاز نسیم نے دعویٰ کیا کہ وسطی باغ کی تینوں نشستیں مسلم لیگ (ن) جیتے گی اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) اکثریت سے حکومت بنائے گی اور 27 جولائی کے بعد آزاد کشمیر کی محرومیاں ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
