سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان نے آزاد کشمیر میں سیاسی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے اندر مل کر انتخابات لڑیں گے اور مختلف حلقوں میں ایک دوسرے کی حمایت کریں گے۔ پی پی پی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج آزاد کشمیر کی سیاست میں تاریخی دن ہے، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں جمعیت علمائے اسلام سے سیاسی اتحاد کرنے جا رہی ہے اور ہم مل کر ریاست کے اندر انتخاب لڑیں گے۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ ایل اے-14 دھیر کوٹ اور ایل اے-23 سے مولانا سعید یوسف ہمارے امیدوار ہوں گے۔ جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جے یو آئی اور پی پی پی کا سیاسی اتحاد ہو رہا ہے اور ان دو حلقوں میں پیپلز پارٹی ہماری حمایت کرے گی اور ان کے امیدواران دو حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں گے اور دیگر حلقوں سے جے یو آئی کے امیدوار پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں سیاسی مہم چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور جمایت کرے گی۔ مولانا سعید یوسف نے کہا کہ ہمارا یہ اتحاد ریاست کے لیے خیر کا باعث بنے گا، پیپلز پارٹی کی امیدوار نبیلہ نے جے یو آئی کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں بلاول بھٹو اور پیپلپز پارٹی اور ان کے امیدواروں کا شکرگزار ہوں جو اس اتحاد میں دستبردار پوئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں پلندری سے پی پی پی امیدوار نبیلہ ایوب نے اس موقع پر کہا کہ میں علاقے میں خود کو مضبوط امیدوار سمجھتی ہوں لیکن پارٹی فیصلے کو قبول کرتی ہوں اور مولانا سعید یوسف کے حق میں دستبردار ہو رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں حلقے میں مولانا سعید یوسف کو انتخابات میں تعاون کروں گی۔
