سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (جموں) : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور جموں ڈویژن کے صدر رتن لال گپتا نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) جموں کے لوگوں کو گمراہ اور اپنے سیاسی فائدے کے لیے یہاں کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق رتن لال گپتا نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا کہ جموں کے لوگ روایتی طور پر امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی قدر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے غیر ضروری کشیدگی یا تقسیم پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مخالفت کی جانی چاہیے۔گپتا نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی اپنی عوام مخالف پالیسیوں اور لوگوں کے حقیقی خدشات کو دور کرنے میں ناکامی کی وجہ سے جموں میں اپنی جگہ کھو رہی ہے، بی جے پی بے روزگاری، ترقی، بڑھتی ہوئی قیمتوں، بنیادی ڈھانچے، سیاحت اور دیگر اہم مسائل پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی بیان بازی اور محاذ آرائی کے ذریعے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے بی جے پی کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے تئیں اس کے طرز عمل اور پالیسیوں نے لوگوں کے مفادات کے تئیں اس کی وابستگی پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
