سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) : کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منائیں گے تاکہ جموں و کشمیر پر بھارت کے مسلسل غیر قانونی قبضے کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق کے مطابق27 اکتوبر 1947ءکو بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کر لیا تھا جوتقسیم برصغیر کے منصوبے کی کھلی خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف تھا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور دنیا بھرمیں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ منگل کے روز یومِ سیاہ منائیں تاکہ عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت سے آگاہ کیا جا سکے اور ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے جس کے عالمی امن پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں منگل کے روز مکمل ہڑتال کی اپیل کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت پسندتنظیموں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ جاگ جائے ور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں استصوابِ رائے کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کا استعمال کر سکیں۔
دریں اثناءسرینگر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مادرِ وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف منگل کے روز یومِ سیاہ منائیں۔ پوسٹروں میں 27 اکتوبر 1947ءکو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیا گیا ہے۔ یہ پوسٹر ایکس، فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمزپر بھی شیئر کیے گئے ہیں۔
