Input your search keywords and press Enter.

پاکستان کو بھارت کی فوجی تیاریوں اور پراکسی وارفیئر کے خلاف چوکنا رہنا ہوگا: سردارمسعود خان

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) :آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کی بڑھتی ہوئی عسکری تیاریوں اور پراکسی وارفیئرکے خلاف ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ایک میڈیا انٹرویو میں سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جدید ہتھیاروں کے نظام کا حصول لازمی طور پر فوجی برتری کا باعث نہیں بن سکتا، جس کا ثبوت پاکستان کی جانب سے مضبوط حکمت عملی، حربی مہارت اور قومی عزم کے ذریعے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے کی صلاحیت ہے۔
بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر تقریبا 22ارب ڈالر مالیت کے دفاعی سازوسامان کی خریداری پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کی جانب سے چین کے ساتھ توازن برقرار رکھنے کے لیے اپنی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے جواز کو پاکستان کے حوالے سے اس کے عسکری رویے کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی طرف سے ہتھیاروں کی ڈور پاکستان کے لیے براہ راست سیکیورٹی چیلنج بن سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو نہ صرف روایتی فوجی خطرات بلکہ خفیہ کارروائیوں، انٹیلی جنس سرگرمیوں اور سرحد پار دہشت گردی کیلئے بھی تیار رہنا چاہیے۔ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اسٹریٹجک تیاری، قومی اتحاد اور انسدادِ دہشت گردی کے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کے تصادم کے دوران بھی بھارت کے پاس خاطر خواہ روایتی فوجی صلاحیتیں اور جدید پلیٹ فارمز موجود تھے، تاہم پاکستان نے اسکے اقدامات کا کامیابی سے مقابلہ کیااور ثابت کر دیا ہے کہ کسی فوج کی افادیت کا تعین محض اس کے پاس موجود ہتھیاروں کی تعداد یا جدت سے نہیں ہوتا، بلکہ قومی عزم، اسٹریٹجک وضاحت، عملی دانشمندی اور آپریشنل منصوبہ بندی بھی اتنی ہی فیصلہ کن ہوتی ہے۔
مسعود خان نے بھارت کے بھاری دفاعی اخراجات کے پیچھے کارفرما ترجیحات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ شدید غربت اور سماجی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود بھارت دنیا میں سب سے زیادہ فوجی اخراجات کرنے والے پانچ بڑے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان کے خلاف ہتھیاروں کے حصول پر بے پناہ وسائل مختص کرنے سے نہ تو بھارت کے داخلی مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی کسی مستقبل کے تصادم میں کامیابی کی ضمانت ملے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بھارت کی فوجی خریداریوں سے مرعوب نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ملک اپنی روایتی اور اسٹریٹجک دونوں صلاحیتوں کو مسلسل مستحکم کر رہا ہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *