Input your search keywords and press Enter.

سچ تو یہ ہے معاہدے کی تحقیقات، تصادم نہیں مذاکرات

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز:

بشیر سدوزئی

آزاد جموں و کشمیر، بالخصوص راولاکوٹ میں جاری کشیدگی، احتجاج اور بے یقینی کی کیفیت میں سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار حاجی محمد یعقوب خان کی جانب سے جاری بیان ایک ایسے سیاسی مؤقف کی عکاسی کرتا ہے جس میں تصادم کے بجائے مکالمہ، الزام تراشی کے بجائے حقائق اور طاقت کے بجائے اعتماد کی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے اکتوبر 2025ء میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت پاکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی اپیل بظاہر ایک سادہ مطالبہ ہے، لیکن اس کے اندر موجود سوالات موجودہ بحران کی جڑ تک پہنچنے کی اہمیت رکھتے ہیں۔

گزشتہ پانچ ماہ کے دوران راولاکوٹ میں جو صورت حال پیدا ہوئی ہے، وہ افسوس ناک ہی نہیں، خوف ناک بھی ہے۔ قطع نظر اس کے کہ اس بحران میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت سے کتنی غلطیاں اور کوتاہیاں سرزد ہوئی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور اور مسلم لیگ کے بیرسٹر افتخار گیلانی بھی اس مجرمانہ فعل سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ حکومت کے سربراہ ہونے کے باعث انہوں نے ایک معمولی مسئلے کو غیر معمولی طول دے کر نہ صرف جموں و کشمیر کے عوام بلکہ پاکستان کی کشمیر پالیسی کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا۔ اب صورت حال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ واپسی کا راستہ دکھائی نہیں دے رہا۔ دو روز قبل ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس کے بارے میں پولیس ترجمان نے پریس ریلیز میں بتایا کہ رینجرز کے ایک افسر کی شہادت کے جواب میں تین افراد شہید ہوئے، تاہم بعد کی اطلاعات میں چار افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی۔ بین الاقوامی میڈیا اور خاص طور پر بھارتی میڈیا اس کی خوب تشہر کر رہا ہے جو ہمارے لئے ناقابل قبول اور باعث شرم ہے۔۔ 

اس صورت حال میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم اور سرکردہ رہنما سردار حاجی محمد یعقوب خان، جو راولاکوٹ کی متعدد بار نمائندگی بھی کر چکے ہیں، کا یہ مطالبہ کہ ایک بااختیار اور غیر جانبدار کمیٹی تشکیل دی جائے، خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہ کمیٹی معاہدے کی تمام شقوں، وعدوں اور یقین دہانیوں کا جائزہ لے، معلوم کرے کہ ان پر کس حد تک عمل درآمد ہوا، کون سے مطالبات پورے کیے گئے اور کون سے ابھی باقی ہیں۔ اگر معاہدہ مکمل ہو چکا ہے تو پھر عوام کا احتجاج اور دوبارہ سڑکوں پر آنے کی وجوہات کیا ہیں؟ اور اگر وعدے پورے نہیں ہوئے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ یہ ایسے سوالات ہیں جن کے جواب قیاس آرائیوں، سیاسی بیانات یا سرکاری وضاحتوں سے نہیں بلکہ شفاف تحقیقات اور حقائق کی روشنی میں ملنے چاہییں۔ اسی صورت میں عوام بھی مطمئن ہو سکتے ہیں۔

معاہدے کے بعد بھی اگر عوام مطمئن نہیں اور احتجاج کی کیفیت دوبارہ پیدا ہو رہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کہیں نہ کہیں اعتماد کا خلا موجود ہے۔ ممکن ہے وعدوں پر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی ہو، ممکن ہے بعض معاملات کی تشریح پر اختلاف ہو یا پھر عوام کو حکومتی اقدامات سے مطمئن کرنے میں ناکامی ہوئی ہو۔ ان تمام امکانات کو سامنے رکھے بغیر کسی ایک فریق کو قصوروار قرار دینا مسئلے کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔ اسی لیے تحقیقات کا مطالبہ اپنی جگہ اہم ہے، لیکن اس کمیٹی کی غیر جانبداری، اختیار اور نتائج کو عوام کے سامنے لانا بھی ضروری ہوگا۔ لہٰذا وفاقی سطح پر قائم کی جانے والی اس کمیٹی میں ایسے افراد کو شامل ہونا چاہیے جن پر عوام کو اعتماد ہو۔

سردار یعقوب خان نے چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کشیدہ صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ یہ مطالبہ بھی اہم ہے کہ جب سیاسی جماعتوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ جائے تو لوگ آرمی چیف کی طرف ہی دیکھنے لگتے ہیں، جب کہ خاص طور پر جموں و کشمیر کے عوام کو یہ یقین ہے کہ ساری دنیا ان کا ساتھ چھوڑ بھی دے تو ان کا آخری سہارا پاکستان آرمی ہے۔ جب کہ کشمیریوں کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے توقعات اس لیے بھی زیادہ ہیں کہ انہوں نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ لائن آف کنٹرول کا کیا اور جموں و کشمیر کے ٹوٹے ہوئے اعتماد کو ایک مرتبہ پھر جوڑا اور مسلہ کشمیر پر زور دار بیان دے کر کشمیریوں کی مایوسی کو ختم کیا، اسی باعث سری نگر میں خاص ایام کے دوران پاکستان کے آرمی چیف کی تصاویر والے پوسٹروں کی بہار آتی ہے۔ لہٰذا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر صاحب سے راولاکوٹ کے مسئلے پر خصوصی توجہ کی درخواست بروقت ہے۔

حاجی یعقوب خان کی وال پر موجود پریس ریلیز کا سب سے دردناک پہلو وہ ہے جہاں وہ دونوں طرف ہونے والے جانی نقصان کو اپنا نقصان قرار دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک ایک طرف سکیورٹی فورسز کے جوان ہیں اور دوسری طرف ان کے اپنے لوگ، ان کا علاقہ اور ان کا حلقہ انتخاب ہے۔ یہ احساس کسی بھی سیاسی رہنما کے لیے محض ایک بیان نہیں بلکہ اس انسانی المیے کی ترجمانی ہے، جس میں تصادم کے نتیجے میں دونوں جانب پاکستانی شہری اور اہلکار جانیں گنوا رہے ہیں، اور محض تھوڑی سی انا کی تسکین کے لیے قومی نقصان میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال کو صرف امن و امان کا مسئلہ سمجھنا بھی درست نہیں۔ احتجاج کے پیچھے عوامی مطالبات، محرومیوں، سیاسی بے اعتمادی اور حکومتی وعدوں سے انحراف سے متعلق سوالات موجود ہیں۔ ان سوالات کو طاقت کے ذریعے دبانے سے وقتی خاموشی تو پیدا کی جا سکتی ہے، لیکن دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح احتجاجی قیادت اور حکومت دونوں کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ کسی بھی تحریک کی کامیابی کا پیمانہ صرف سڑکوں پر موجود لوگوں کی تعداد نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں عوام کے مسائل کا حل اور انسانی جانوں کا تحفظ بھی ہے۔

سردار یعقوب خان کی یہ پیشکش بھی قابلِ توجہ ہے کہ اگر معاہدے پر عمل درآمد ہو چکا ہے تو وہ خود عوام کے پاس جا کر انہیں حقائق سے آگاہ کریں گے، اور اگر عمل درآمد نہیں ہوا تو حکومت سے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ یہ ایک ایسی سیاسی ذمہ داری ہے جو محض بیانات تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ عوام کو اعتماد میں لینے کے لیے سیاسی قیادت کو میدان میں آنا ہوگا، احتجاجی قیادت سے رابطہ کرنا ہوگا اور حکومت کو بھی اپنے فیصلوں، اقدامات اور تاخیر کی وجوہات واضح کرنا ہوں گی۔ یہ معاملہ اب محض ایک علاقے یا انتظامی مسئلے تک محدود نہیں رہا۔ جب حالات کشیدہ ہوتے ہیں، جانی نقصان ہوتا ہے اور سیاسی اختلاف شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے اثرات قومی سطح سے آگے بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ دشمن قوتیں ایسے حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن اس خطرے کا مقابلہ عوامی آواز کو دبانے سے نہیں بلکہ سیاسی بصیرت، شفافیت، انصاف اور اعتماد کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ عوام کے جائز مسائل حل ہوں گے تو ریاست مضبوط ہوگی، اور ریاست کی مضبوطی عوام کے اعتماد سے مشروط ہے۔

اس وقت آزاد کشمیر کو مزید تقسیم، تلخی اور تصادم کی نہیں بلکہ ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو اختلاف کو دشمنی نہ سمجھے، اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے دوسرے فریق کو سننے کا حوصلہ رکھے اور مذاکرات کی میز کو بند نہ ہونے دے۔ حکومت پاکستان، آزاد کشمیر حکومت، عوامی ایکشن کمیٹی اور سیاسی قیادت کو ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہونے کے بجائے مشترکہ حل کی طرف بڑھنا چاہیے۔

سردار یعقوب خان کے بیان میں انسانی جانوں کی اہمیت اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ یہ پیغام ایسے وقت میں اہم ہے جب ماحول میں غصہ، بے چینی اور بداعتمادی بڑھ رہی ہو۔ اختلافات اپنی جگہ، مطالبات اپنی جگہ اور سیاسی مؤقف اپنی جگہ، مگر انسانی جانوں سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ ہمیں تصادم نہیں، امن چاہیے؛ ہمیں نفرت نہیں، مذاکرات چاہییں۔ یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر آزاد کشمیر کو موجودہ بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔

سردار محمد یعقوب خان کا بیان اس لیے بھی اہم ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے غیر جانبدار کمیٹی کے قیام سے حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، دونوں کو پیچھے ہٹنے کا باعزت راستہ مل سکتا ہے، اور ساڑھے پانچ ماہ سے جاری اس خطرناک بحران سے نکلنے کی راہ بھی دکھائی دے سکتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم پاکستان محترم شہباز شریف صاحب اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر صاحب سردار یعقوب خان کی اس دردمندانہ اپیل پر ہمدردانہ غور کریں گے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *