سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے 149 ویں یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم ایک انتہائی دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد کی قیادت کی اور بالآخر اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تحریک پاکستان کا حصہ رہے جنہوں نے قیام پاکستان سے تقریباً ایک ماہ پہلے 19جولائی 1947ء کو مملکت خدادداد کیساتھ الحاق کی قرارداد پاس کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، انہوں نے بھارتی قبضے کو مسترد کیا ہے اور وہ گزشتہ 78سال سے تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان تبھی مکمل ہو گا جب جموں و کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد ہو کر اس کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان سے بے پناہ محبت ہے۔قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور معاشی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان کشمیریوں کا مقدر ہے جس کیلئے وہ بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ قائداعظم نے درست نشاندہی کی تھی کہ مسلمانوں کو برصغیر میں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک علیحدہ ریاست کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اکتوبر 1947ء میں مسلم اکثریتی جموں و کشمیر میں فوجی یلغار کر کے اس پر قبضہ جمایا جبکہ بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے اگست 2019ء میں ہندوتوا ایجنڈے کے تحت کشمیریوں پر ایک اور سنگین وار کیا اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر ڈالی۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، تاہم ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
