سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع بڈگام کے علاقے وترہ ونی میں خواتین نے بجلی کے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ذرائع کے مطابق احتجاجی خواتین نے بتایا کہ نئے نظام سے بجلی کے ماہانہ اخراجات بڑھ جائیں گے جس سے کم آمدنی والے گھرانے بری طرح متاثر ہوں گے۔ خواتین نے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کو فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سمارٹ میٹرز کے آپریشنل طریقہ کار اور بلنگ کے حوالے سے پیشگی آگاہی مہم کی عدم موجودگی پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے محکمہ بجلی پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھنے سے پہلے عوامی سطح پر خدشات کا ازالہ کرے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سروسز میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے موقع پر مقامی معاشی حالات کا عنصر بھی دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے خدشات دور نہ کئے گئے تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔
بڈگام میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف خواتین کا احتجاج
