سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی حق خودارادیت کی بنیاد پر تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے جس کا وعدہ کشمیری عوام سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں بھارت پر زور دیا کہ وہ فوجی طاقت کے بل پر جموں و کشمیر پر قبضے کی پالیسی ترک کر کے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے سے نہ صرف کشمیریوں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے بلکہ یہی مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ بھی ہے۔ مسرت عالم بٹ نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا اور عالمی برادری کے سامنے کشمیریوں سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا لیکن بعد میں بھارت اپنے وعدے سے مکر گیا اور جب کشمیریوں نے اسے اپنا وعدہ یاد دلانے کی کوشش کی تو انہیں ہر قسم کے مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے جائز حق کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی منظور شدہ قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔
خطے میں پائیدارامن و استحکام حق خودارادیت کی بنیاد پر تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے، مسرت عالم بٹ
