سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں معروف کشمیری مصنف اور مترجم عبدالرﺅف فاضلی آج مختصر علالت کے بعد سرینگر میں وفات پا گئے۔ وہ اپنے قلمی نام ”ابن قدیر “ کے نام سے جانے جاتے تھے۔
ذرائع کے مطابق مرحو م کا بنیادی تعلق بانڈی پورہ سے تھا۔ انہوں نے متعدد کتب تصنیف کیں اور کئی کتابو ںکا ترجمہ کیا تھا۔انہوں نے محکمہ جنگلات میں بھی بطور ڈپٹی کنزرویٹر خدمات انجام دیں اور انہیں انکی دیانت داری کے لیے یاد کیا جاتا تھا۔مرحوم نے پسمندگان میںا ہلیہ ، بیٹا عبدالرافیہ اور ایک بیٹی چھوڑے۔ مرحوم کا نماز جنازہ سرینگر کے علاقے قمر واری میں مسجد انجم میں ادا کیا گیا ۔ نماز جنازہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے پڑھایا۔نماز جنازہ میں مرحوم کے عزیز و اقارب کے علاوہ مقبوضہ علاقے کے مفتی اعظم مفتی ناصر ااسلام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔
دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں عبدالروف فاضلی کی وفات پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کیساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عبدالروف فاضلی نے اپنی پیشہ وارانہ دیانت اور ادبی خدمات کی وجہ سے ایک مقام و مرتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے فکر و فلسفے کے ساتھ مرحوم کی گہری وابستگی تھی۔ میرواعظ نے ان کے انتقال کو کشمیر کے ادبی اور فکری حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ۔میرواعظ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
