سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سری نگر) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مسرور عباس نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ظلم کے خلاف لڑنے اور مظلوموں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسرور عباس انصاری نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ8ویں محرم کے جلوس کی ایک تاریخی اہمیت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سرینگر میں یہ جلوس آبی گزر سے شروع ہو کر ڈل گیٹ کے مقام پر اختتام پذیر ہوتا تھا ۔ انہوںنے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی انتظامیہ نے اس جلوس پر گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ دس محرم الحرام کا جلوس بھی نہیں نکالنے دیا جاتا ہے۔
مسرور عباس نے کہا کہ حضرت امام عالی مقامؑ اور انکے رفقا نے ظلم وجبر کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں ۔انہوںنے کہا کہ امام حسین ؑ پوری انسانیت کے شہید ہیں اور حق و صداقت کی بالادستی کا آپ ؑ کا پیغام تمام انسانوں کیلئے ہے۔
مسرور عباس انصاری نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ 10 محرم الحرام عاشورہ کی ریلی کو اپنے روایتی راستے سے نکلنے کی اجازت دے۔
