سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (جموں) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے جموں خطے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ حکام نے بتایا کہ بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں نے مشترکہ طورپر بھٹادورین، سنگیوٹ اور ملحقہ جنگلاتی علاقوں میں تلاشی کارروائی شروع کی۔ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔
