سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سرینگر) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں آزادی پسند تنظیموں اور رہنماﺅں نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے اورلہذا اسے مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری جموں وکشمیر پر بھارت کے جبری قبضے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ درج کرانے کیلئے ہر سال اسکے یوم آزادی کو” یوم سیاہ “کے طور پر مناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 79برس قبل کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کو یکسر نظر انداز کرکے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کیا تھا اور تب سے وہ آزادی اور حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے کی پاداش میں کشمیریوں کو وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف اپنی آزادی کا جشن منارہا ہے لیکن اسی آزادی کا مطالبہ کرنے وہ کشمیریوں کو تختہ مشق بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایک غاصب اور جارح ملک کی حیثیت حاصل ہے کیونکہ وہ صرف اور صرف فوجی کے طاقت کے بل پر جموں وکشمیر پر قابض ہے اور اس نے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے انکے تمام بنیادی حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے اگست 2019 میں ایک اور سنگین وار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جسکا بنیادی مقصد علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے تاہم کشمیری شہدا کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے الحاق کشمیری عوام کا دیرینہ خواب ہے، جو ایک دن ضرور پورا گا۔
دریں اثناجیل میں بند حریت رہنماﺅں بلال احمد صدیقی، مولوی بشیر احمد عرفانی، فیاض حسین جعفری، غلام محمد خان سوپوری کے علاوہ حفظہ بانو، یاسمین راجہ، مولانا مصیب ندوی، عبدالصمد انقلابی، سبط شبیر قمی ، ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے بھی اپنے بیانات میںبھارتی یوم آزادی کو کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میںکئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں۔بھارت اٹوٹ انگ کی رٹ کے ذریعے دنیا کو ہرگز بیوقوف نہیں بنا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہرگز ایک جمہوری ملک نہیں بلکہ مکمل طور پر ایک جارح اور غاصب ریاست ہے جو حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے
حریت رہنماﺅں نے کہا کہ جذبے آزادی سے سرشار کشمیری بھارتی چیرہ دستیوں کا عزم و حوصلے سے مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔
