سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) : کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ 27 اکتوبرتاریخ کشمیرکا سیاہ ترین دن ہے جو بھارتی فوجی مداخلت اور جموں و کشمیر پر قبضے کی یاد دلاتا ہے۔
زرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری دنیا بھر میں اس دن کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور استقامت اس بات کی گواہ ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رہے گی۔ عالمی برادری جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کشمیریوں کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت کرے۔
انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو آزاد کشمیرحکومت کی جانب سے صدارتی ایوارڈ سے نوازنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیادت کی جدوجہد اور قربانیوں کا اعتراف تحریکِ آزادی کشمیر کے موقف کو اجاگر کرنے میں اہمیت رکھتا ہے۔
