سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہائی کورٹ نے ایک کشمیری کی کالے قانون ”پبلک سیفٹی ایکٹ “ کے تحت نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو انکی رہائی کے احکامات دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ نے محمد آصف شیخ نامی کشمیری پر لاگو کالا قانون” پی ایس اے “کالعدم قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ محمد آصف کو جن بنیادوں پر کالے قانون کے تحت نظر بند کیا گیا ہے وہ انتہائی مبہم اور غیر واضح ہیں ۔
دریں اثنا جسٹس سنجے دھر پر مشتمل ہائیکورٹ کے یک رکنی بنچ نے چار کشمیریوں تصدق حسین ڈار، شبیر احمد گانی، باسط احمد میر اور اطہر مشتاق خان کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نظر بندی برقرار رکھتے ہوئے رہائی کے بارے میں انکی عرضداشتیں خارج کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت تین ہزار سے زائد کشمیریوں کو” پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے“جیسے کالے قوانیں کے تحت جیلوں میں بند کررکھا ہے۔
