سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (جموں) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے اور ترقی کے بی جے پی کے دعوﺅں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو بے روزگاری، مہنگائی اور تباہ شدہ شہری انفراسٹرکچر کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق رمن بھلہ نے یہ بات جموں کے علاقے نروال پائین میںعوامی شکایات کا جائزہ لینے کے لیے نوجوانوں، خواتین، تاجروں اور مقامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سب اچھا ہے کا بیانیہ پیش کررہی ہے جو زمینی حقائق کی عکاسی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، بڑھتی ہوئی قیمتیں، ناکافی شہری سہولیات اور عوامی خدمات کی فراہمی میں تاخیر روزمرہ کی زندگی کو متاثر کر رہی ہے۔ہزاروں پڑھے لکھے نوجوان اور خواتین مختلف سرکاری محکموں میں بھرتی کے منتظر ہیں جبکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری محدود ہے۔ رمن بھلہ نے کہاکہ خالی آسامیوں کو پ±ر کرنے میں طویل تاخیر نے خواہشمند امیدواروں میں مایوسی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروری ہے ، کھانا پکانے کی گیس، بجلی، صحت اور تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات نے لوگوں پر بہت زیادہ بوجھ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوسط طبقے کے خاندانوں، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں اور غریبوں کو روز مرہ کے اخراجات کا انتظام کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ رمن بھلہ نے شہری اور دیہی علاقوں میں تباہ شدہ سڑکوں، ناقص نکاسی آب،پینے کے پانی کی عدم دستیابی، ناکافی صفائی اور ناکافی اسٹریٹ لائٹنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
