سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اخلاقی، روحانی اور سماجی اقدار کے احیاء پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کا پیغام اور حضرت امام حسین (ع) کی قربانی ایک منصفانہ اور ہمدرد معاشرے کی تعمیر کے لیے مشعل راہ ہے۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے یوم عاشورہ کے موقع پر سرینگر کے علاقے نروارہ میں آستانہ عالیہ علم صاحب میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن اسلامی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے اورخود احتسابی، شکرگزاری، توبہ اور تجدید ایمان کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پیغمبر اسلام ﷺکے پیارے نواسے حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا محض تاریخ کا المناک واقعہ نہیں بلکہ حق، انصاف، صبر، قربانی اور ظلم کے سامنے ثابت قدم رہنے کا ایک سبق ہے۔ عصری معاشرے میں عاشورہ کے پیغام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے میر واعظ نے بڑھتی ہوئی مادہ پرستی اور اخلاقی اور روحانی اقدار کے زوال پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کو صرف دولت، آسائشوں یا ظاہری کامیابی سے نہیں بلکہ سچائی، دیانت، ہمدردی، عاجزی، خاندانی اقدار، غریبوں کی دیکھ بھال اور اللہ کے خوف سے پرکھا جانا چاہیے۔ میر واعظ نے لوگوں خاص طور پر نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ایمان، کردار، خدمت، سادگی اور ذمہ داری کی اقدار کے ساتھ دوبارہ جڑ جائیں کیونکہ یہ اصول ہی ایک انسانی اور اصولی معاشرے کی تعمیر میں مدد کر سکتے ہیں۔ تقریب میں خواتین سمیت عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس کا ااختتام امن، اتحاد، مغفرت، امت مسلمہ کی بھلائی اور مشکلات کا شکار لوگوں کے لیے راحت کی دعا کے ساتھ ہوا۔
میر واعظ کا اخلاقی، روحانی اور سماجی اقدار کے احیاء پر زور
