Input your search keywords and press Enter.

راولاکوٹ کی سنگین صورتحال: تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے نام اوپن لیٹر

محترم سربراہانِ سیاسی جماعت!

السلام علیکم!

راولاکوٹ سے موصول ہونے والی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ وہاں جس انداز میں حالات کو طاقت کے ذریعے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نہتے اور پُرامن شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، وہ ہر دردِ دل رکھنے والے انسان کے لیے باعثِ اضطراب ہے۔ ان حالات پر خاموشی اختیار کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔

 

یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اپنے ہی شہریوں کے ساتھ تصادم کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ ریاست کا بنیادی فرض اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کے جائز مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ طاقت کا بے دریغ استعمال مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ اور سنگین بنا دے گا۔

 

ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ راولاکوٹ میں ہونے والے واقعات صرف آزاد کشمیر تک محدود نہیں رہیں گے۔ ان کے اثرات پاکستان کے عالمی تشخص اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف پر بھی مرتب ہوں گے۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیری شدید اضطراب اور تشویش کا شکار ہیں اور سوال کر رہے ہیں کہ پُرامن دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت کا استعمال کیوں کیا جا رہا ہے؟

 

جب امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات ممکن ہیں، عالمی جنگوں اور بڑے تنازعات کے بعد بھی مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے تو اپنے ہی شہریوں، اپنے ہی لوگوں اور اپنے ہی عوام سے بات چیت کیوں ممکن نہیں؟ آخر مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے میں کیا رکاوٹ ہے؟

 

محترم سربراہانِ جماعت!

 

یہ وقت سیاسی مصلحتوں، جماعتی اختلافات اور خاموشی کا نہیں بلکہ قومی، سیاسی اور انسانی ذمہ داری ادا کرنے کا ہے۔ میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ فوری طور پر آگے بڑھیں، مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں اور حکومت و جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان بامقصد مذاکرات کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

 

ہم سب کی اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ، خون ریزی کا فوری خاتمہ اور حالات کو مزید بگڑنے سے بچانا ہونی چاہیے۔ طاقت کے استعمال کو فوری طور پر روکا جائے اور تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے تاکہ مسائل کا پُرامن اور قابلِ قبول حل نکل سکے۔

 

آئیے! سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر انسانیت، امن اور اپنے عوام کے حق میں آواز بلند کریں۔ تاریخ ہمیں ہمارے عہدوں یا سیاسی وابستگیوں سے نہیں بلکہ مشکل وقت میں ادا کیے گئے کردار سے یاد رکھے گی۔

 

مجھے امید ہے کہ آپ اس اپیل کو سیاسی بیان کے بجائے ایک قومی اور انسانی ذمہ داری سمجھتے ہوئے فوری عملی اقدامات کریں گے۔

 

والسلام

سردار عبد القیوم نیازی

صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر

سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *