Input your search keywords and press Enter.

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی خاتون لیڈر التجا مفتی کا طالب حسین کی گرفتاری پر احتجاج، فوری رہائی کا مطالبہ

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی خاتون رہنما التجا مفتی نے کشمیر کے قبائلی رہنما طالب حسین کی گرفتاری اور ان کے خلاف درج چارج شیٹ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہیں بے بنیاد اور مضحکہ خیز الزامات کے تحت جیل میں رکھا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں التجا مفتی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے گرفتار کئے گئے طالب حسین کے خلاف چارج شیٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس پر “مہلک میزائلوں” سے حملہ کیا۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آخر یہ میزائل کون سے تھے جن کا ذکر کیا جا رہا ہے، جب کہ ان کے مطابق طالب حسین نے ایک پتھر تک نہیں پھینکا۔ التجا مفتی کا کہنا تھا کہ طالب حسین نے صرف ان متاثرہ خاندانوں کی آواز بلند کی جن کے مکانات حالیہ کارروائی کے دوران منہدم کر دئے گئے۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر صرف عوامی مسائل اور ناانصافیوں کو اجاگر کرنے پر کسی شخص کو جیل بھیجا جاتا ہے تو یہ جموں و کشمیر کے لئے تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ ایک شخص کو ایسے الزامات کی بنیاد پر، وہ بھی معزز ہائی کورٹ کے احاطے میں حراست میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ شہری آزادیوں اور جمہوری حقوق سے متعلق سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ بتا دیں کہ بندھی رگوڑا واقعے کے سلسلے میں درج پولیس دستاویزات میں طالب حسین اور دیگر افراد پر غیر قانونی اجتماع، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے، پولیس پر پتھراؤ کرنے اور امن و قانون کی صورتحال خراب کرنے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *