سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر): غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنما مشتاق الاسلام کو انکی طبیعت بگڑنے پر گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔
مشتاق الاسلام جیل میں ہائی بلڈ شوگر ، نظر کی خرابی اورجسمانی کمزوری سمیت متعدد عارضوں میں مبتلا ہیں ۔جیل میں انکی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔جیل میں مشتاق الاسلام سمیت کشمیری نظربندوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولت سے مسلسل محروم رکھا جارہاہے ۔ جیل میں تمام قیدیوں کیلئے صرف ایک ڈاکٹر تعینات ہے اور کسی ماہر ڈاکٹر کی عدم موجودگی کی وجہ سے کشمیری نظربندوں کے اہلخانہ کو اپنے پیاروں کی صحت کے بارے میں سخت تشویش لاحق ہے ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں جیلوں میں کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض حکام کشمیری نظربندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں وہ متعدد عارضوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔
